سکھر: سول ڈیفنس سندھ کے ڈائریکٹر ریاض حسین لغاری, ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس سکھر نادر شھزاد خان کی خصوصی ہدایات پر سول ڈیفنس وارڈن سروس ضلع سکھر کی جانب سے 12 ربیع الاول کے مرکزی جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس کے روٹ کا تفصیلی دورہ کیا گیا۔ دورے کا مقصد جلوس کے روٹ کا جائزہ لینے، حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے اور سول ڈیفنس وارڈنز کی ذمہ داریوں کو مؤثر انداز میں ترتیب دینا تھا۔روٹ وزٹ کی نگرانی ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان اور انچارج سول ڈیفنس آفس سکھر میاں جہانگیر عباسی نے کی۔ اس موقع پر جلوس کے روٹ، عوامی سہولت و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ محسنِ انسانیت بن کر دنیا میں تشریف لائے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات امن، محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں۔ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے امن و محبت کا پیغام ہے اور آپ ﷺ کا میلادِ مبارک دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔سول ڈیفنس وارڈنز کے لیے یہ ایک عظیم اعزاز ہے کہ وہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلوس میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ وارڈنز اپنی ذمہ داریاں جذبۂ خدمت، نظم و ضبط اور عقیدت کے ساتھ انجام دیتے ہوئے عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، جو اللہ تعالیٰ اور رسولِ اکرم ﷺ کی رضا اور قربت حاصل کرنے کا ذریعہ ہے سول ڈیفنس آفس انچارج میاں جھانگیر عباسی کہا کہ سول ڈیفنس وارڈن سروس ضلع سکھر ہر بڑے مذہبی و عوامی اجتماع میں حفاظتی خدمات کو بھرپور انداز میں انجام دینے کے لیے پرعزم ہے اور 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کے موقع پر بھی وارڈنز اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔روٹ وزٹ کے موقع پر گروپ وارڈن محمد احمد شیخ، پوسٹ وارڈن شیخ عدنان,محمود احمد، انچارج آفیسرز محمد آصف شیخ، لالا عمران میرانی، محمد یوسف، ریاض احمد صدیقی،احسن راجپوت سمیت سول ڈیفنس وارڈن سروس کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی سول ڈیفنس وارڈن سروس ضلع سکھر کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ، نظم و ضبط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
