خیرپور: ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر خیرپور عمامہ سولنگی نے اسسٹنٹ مختیارکار شیراز پھلپوٹو اور سپلائی و انکروچمنٹ انسپکٹر ظہور حسین ٹانوری، انکروچمنٹ انسپیکٹر منظور چانڈیو کے ہمراہ پنجگلہ چوک، شاہی بازار سمیت شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ آٹا مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کریں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کری جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف مارکیٹوں میں تجاوزات کا معائنہ کیا اور دکانداروں کو فٹ پاتھوں اور عوامی راستوں سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ایم ایس چلڈرن اسپتال خیرپور اعجاز مگسی کے ہمراہ چلڈرن اسپتال اور لیڈی ویلنگٹن اسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں، عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر خیرپور کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے، تجاوزات کے خاتمے اور سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
